Sunday 25 March 2012

Aap s.a.w. Ka Silsila e Nasb Aur Haalat e Zindagi Ek Nazar Mein - آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا سلسلہِ نسب اور حالات زندگی ایک نظر میں - Online Books

آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا سلسلہِ نسب اور حالات زندگی ایک نظر میں


محمدصلی اللہ علیہ و سلم بن عبداﷲ بن عبدالمطلب بن ہاشم بن عبدالمناف بن قُصّی بن کلاب بن مرۃ بن کعب بن لوئی بن غالب بن فہربن مالک بن النضربن کنانۃ بن خزیمۃ بن مدرکۃ بن الیاس بن مضربن نزار بن معد بن عدنان بن اُداد بن مقوم بن ناہور بن طیرہ بن یعروب بن یشجوب بن نعبت بن اسمٰعیل بن ابراہیم(i) بن تعریح (آزر) بن ناہور بن سعروغ بن راعو بن فالِخ بن ایبر بن شعلِک بن ارفخشض بن سام بن نوح( علیہ السلام ) بن لمک بن متوشلخ بن اخنوخ (ادریس علیہ السلام ) بن یارد بن مہلیل بن قینان بن یعنِش بن شیت بن آدم ( علیہ السلام ) (سیرت النبی صلی اللہ علیہ و سلم ابن ہشام رحمہ اللہ )

آپ صلی اللہ علیہ و سلم نہایت خوبصورت، امین، صادق، بااخلاق، شیریں گفتار، درمیانہ قد تھے اور رنگ گورا تھا آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے دونوں کندھوں کے درمیان مہرِ نبوت تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے پہلی
شادی سیدہ خدیجۃالکبریٰ رضی اللہ عنہا سے کی جو بیوہ تھیں۔ شادی کے وقت سیدہ خدیجۃ رضی اللہ عنہا کی عمر 40 سال اور آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی عمر 25 سال تھی آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے خدیجہ رضی اللہ عنہا کی وفات تک کسی دوسری خاتون سے شادی نہیں کی اور اپنی جوانی کے تقریباً 25 سال صرف ایک ہی بیوی کی رفاقت میں گذار دئیے۔ ان سے قاسم،زینب، رقیہ، ام کلثوم، فاطمہ اور عبداللہ رضی اللہ عنہم پیدا ہوئے۔فاطمہ رضی اللہ عنہا کے علاوہ سب بچوں کا انتقال آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی زندگی میں ہی ہوگیاتھا۔ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی وفات آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے انتقال کے 6 ماہ بعد ہوئی۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی عمر جب40 سال کی ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ و سلم پر وحی کا نزول شروع ہوا اور اسکے بعد آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے تبلیغِ دین کا کام شروع کیا جو 23 سال جاری رہا۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے 63 سال کی عمرمیں مدینہ منورہ میں بروز پیر12 ربیع الاول 11 ؁ھمیں وفات پائی۔
اِ نَّا ِللّٰہِ وَ ِا نَّآ اِ لَـــیْہِ رَا جِعُـوْ نَ
اَ للّٰ
ـھُـمَّ صَـلِّ وَسَـلِّمْ عَلیٰ نَبِیّکَ اِ وَحَبِیْبِکَ مُحَــمَّدٌ وَّ بَا رِکْ وَسَلِّمْ

آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا نام ’’محمد‘‘ قرآن مجید میں 4 جگہ ہے :۔
1 محمدصلی اللہ علیہ و سلم اﷲ کے رسول ہیں ۔(الفتح 48 : آیت29 )
2 محمد صلی اللہ علیہ و سلم تو صرف (اﷲ تعالیٰ کے) رسول ہیں ان سے پہلے بھی بہت سے رسول گزرے ہیں( اٰل عمران 3 : آیت 144)
3 محمد صلی اللہ علیہ و سلم تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں بلکہ اﷲ کے رسول اور خاتم النبین ہیں۔ (الاحزاب 33 : آیت 40)
4 (جو) ایمان لائے (قرآن) پر جو محمد صلی اللہ علیہ و سلم پر نازل کیا گیا ہے اور وہ برحق ہے ان کے رب کی طرف سے ۔(محمد47 :آیت 2)

محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم
جن پر اللہ کریم اپنی رحمتیں نازل فرماتے ہیں
جن کے لئے فرشتے دعائے رحمت کرتے ہیں
جن کی اطاعت اللہ ربّ العزّت کی اطاعت ہے
جن کی نافرمانی، اللہ ربّ العزّت کی نافرمانی ہے
جن کی اطاعت میں جنت اور نافرمانی میں جہنم ہے
جن کی زندگی کو اللہ تعالیٰ نے بہترین نمونہ قرار دیا
جنہیں اللہ تعالیٰ نے معراج جسمانی کے اعزاز سے نوازا
جن کے بعد اب قیامت تک کوئی دو سرا نبی آنے والا نہیں
جن کے کسی بھی فیصلہ یا حکم سے روگردانی سارے نیک اعمال برباد کر دیتی ہے
احتیاط کیجئے!!!
آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:۔ ’’جس نے میرے طریقہ سے منہ موڑا،اس کا میرے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔‘‘(بخاری،مسلم)

1 comment: